“کشمیر بنے گا پاکستان”، مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی، وزیراعظم عمران خان کوٹلی میں اجتماع سے خطاب کریں گے۔
ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے. ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، اسلام آباد، مظفرآباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سیمینارز اور جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی قوم 31 برسوں سے یوم کشمیر منا رہی ہے جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ شہرِ قائد میں عوام کی بڑی تعداد نے اس موقع پر کشمیری بھائیوں کو یاد رکھا اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب جنت سا کشمیر پاکستان بن کر سرخرو ہو گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جناح انٹرنیشنل، علامہ اقبال، باچا خان سمیت تمام ایئرپورٹس پر کشمیر ڈے کے موقع پربینرز آویزاں، کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے بھی لہرا دیئے گئے۔ پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سری نگر کے نام سے منسوب گھڑی آویزاں کی گئی۔ ایئرپورٹس پر کشمیر سے متعلق دستاویزی فلم بھی چلائی جارہی ہے