موٹاپا گردوں کے لئے خطرناک.
کھانے پینے میں کمی،ورزش یا سرجری کے ذریعے فالتو چربی نکلوا کر گردوں پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے
طبی ماہرین نے کہا ہے کہ گردوں کے امراض سے بچاؤ کے لئے وزن بڑھنے پر کڑی نظر رکھنی چاہیے۔کھانے پینے میں کمی،ورزش یا سرجری کے ذریعے فالتو چربی نکلوا کر گردوں پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے۔کلینیکل جرنل آف امریکن سوسائٹی آف نیفرولوجی کے زیر اہتمام کروائی کی گئی حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وزن کم کرنے کے طریقوں پر عمل درآمد سے پہلے معالج سے مشورہ نہایت ضروری ہے،جس کی وجہ وزن میں اضافے سے پیدا ہونے والے عارضہ قلب اور ذیابیطس کی پیچیدگیاں ہوتی ہیں۔
ماہرین نے تازہ ترین تحقیق میں یہ بتایا کہ وزن کم کرنے کے عمل سے ذیابیطس،بلڈ پریشر،کولیسٹرول اور عارضہ قلب سے متعلق خرابیاں دور کرنے کے ساتھ ساتھ گردوں کی بیماریوں سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ایک دوسری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم عمری میں حد سے زیادہ کھانے کے نتیجے میں بڑھاپے میں یادداشت کھونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ نے ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ایسے لوگ جو روزانہ 2100 سے زائد حراروں (کیلوریز) پر مشتمل غذا کھاتے ہیں،ان میں ایسے لوگوں کی نسبت بڑھاپے میں بیماری میں مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں،جو روزانہ 1500 حراروں پر مشتمل غذا کھاتے ہیں۔امریکی طبی ماہرین کی اس رپورٹ میں 70 سے 89 سال کی عمر کے 1200 افراد کو شامل کیا گیا،ان میں 63 ایسے افراد بھی شامل تھے،جن میں یادداشت کی کمی کے آثار پائے گئے۔